سندھ/پنجاب/بلوچستان : ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کے تحت فورسز کی ملک دشمنوں کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، دوران آپریشن غیر قانونی مقیم افغان باشندوں، جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد سمیت 300 کے قریب افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن رد الفساد کے تحت تازہ کارروائیاں کراچی، حیدرآباد، لاہور، حافظ آباد، کبیر والا اور چنیوٹ سمیت دیگر شہروں میں کی گئیں۔ پنجاب اور سندھ میں تازہ کارروائیوں کے دوران 49 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
کراچی کے علاقوں کٹی پہاڑی اور مشرف کالونی میں پولیس نے کارروائی کرکے اسٹریٹ کرائمز میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کٹی پہاڑی اور بلدیہ ٹاؤن سے 16افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔
حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور ریپڈ رسپانس فورس نے سائٹ ایریا، ہاشمی کالونی، لیبرکالونی اور ریلوے اسٹیشن کے قریب کارروائی کی اور 14افغان باشندے گرفتار کیے۔
حافظ آباد میں کسوکی کے علاقے میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے،آپریشن کے دوران حراست میں لئے گئے 15دیگر مشتبہ افراد کو کوائف کی تصدیق کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔
چنیوٹ میں پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 16 ملزمان کوگرفتار کرلیاجبکہ نا جائز اسلحہ ومنشیات برآمد ہونے پر 3 ملزمان گرفتار کرلیا۔
مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا ،جہاں غیر ملکیوں کی شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی، کارروائی کے دوران 16 افغانی باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔