اسلام آباد : سیاسی اور عسکری قیادت نے آپریشن رد الفساد پر سر جوڑ لئے،وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں اہداف کےحصول تک دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک بھر میں دہشتگردوں اور سہولت کاروں کیخلاف جاری آپریشن ردالفساد کا جائزہ لیا گیا ، اہداف کے حصول تک دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، وزیرداخلہ چوہدری نثار،اسحاق ڈار ، جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، مشیرقومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور مشیرخارجہ سرتاج عزیز شریک ہوئے۔
وزیر اعظم نے خطاب میں کہا کہ بلارنگ و نسل دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جائے گا، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے انتہاپسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا جبکہ دہشتگردی کےخاتمے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔