تہران ایرانی سپریم لیڈر نے کہاہے کہ امریکہ نے ایران پر دوبارہ 10سال تک پابندیاں عائد کر کے ایران کو انتقام کی دعوت دی ہے ۔
العربیہ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکہ کی جانب سے جوہر معاہدے کیخلاف ورزیوں پر ایران پر 10 سال تک پابندیاں عائد کیے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے امریکہ نے دوبارہ پابندیاں عائد کر کے ایران کے انتقام کو دعوت دی ہے ۔ ایرانی سپریم لیڈر کی آفیشل ویب سائیٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے خلاف سخت انتقامی کارروائی کی دھمکی انہوں نے حال ہی میں پاسیج فورسز کے اہلکاروں کے ایک گروپ کے ساتھ ملاقات کے دوران دی۔
آیت اللہ علی خامنہ کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ خود ایران کے ساتھ طے پائے معاہدے کی خلاف ورزیاں کررہی ہے۔ اس کی سب سے بڑی خلاف ورزی ایران پر مزید دس سال کے لیے پابندیاں عاید کرنا ہے۔ اگر امریکی انتظامیہ ایران کے خلاف مزید پابندیاں عاید کرتی ہے تو اسے تہران اور مغرب کے درمیان طے پائے جوہری سجھوتے کی سنگین خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا کو علم ہونا چاہیے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے انتقامی کارروائی سے بچ نہیں سکے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے امریکی کانگریس نے ایک نئے بل کی منظوری دی تھی جس کے تحت ایران پر مزید 10 سال تک اقتصادی پابندیاں عاید کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ کانگریس میں یہ بل 419 ارکان کی اکثریت سے منظور کیا گیا تھا۔