پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کھیلنے والے شرجیل خان اور خالد لطیف کو پی ایس ایل اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے الزام پر عبوری طور پر معطل کردیا، دونوں کو دبئی سے وطن واپس بھیج دیا گیا ہے۔
نمائندہ ’جیو نیوز‘ ماجد بھٹی اور سہیل عمران کے مطابق دونوں کھلاڑیوں پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے نظر رکھی جارہی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز دونوں کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کے میچ کے بعد مشکوک افراد سے ملاقات کی جس کی وجہ سے انہیں معطل کیا گیا ہے، جبکہ دونوں کھلاڑیوں نے مشکوک شخص سے ملنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
شرجیل خان اور خالد لطیف نے یہ اعتراف بھی کیا ہے کہ وہ ماضی میں بھی ان مشکوک افراد سے ملتے رہے ہیں۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق پی ایس ایل ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے نمائندگی کرنے والے دونوں کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک شرجیل خان اور خالد لطیف پی ایس ایل ٹو میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
شرجیل خان نے پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ، 25 ون ڈے انٹر نیشنل اور 15 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل جبکہ خالد لطیف نے پاکستان کی جانب سے 5 ون ڈے انٹر نیشنل اور 13 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیلے ہیں۔
اس حوالے سے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کہتے ہیں کہ چند افراد کو پاکستان کو بدنام کرنے نہیں دیں گے۔
پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ آج کی کارروائی کرپشن کے خلاف عزم کی مثال ہے، اس طرح کا کوئی عمل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا کہنا ہے کہ واقعہ افسوس ناک ہے، جس کا ڈر تھا وہی ہوا۔