اسلام آباد : عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ حسین حقانی کے معاملے پر عدالتی یا پارلیمانی کمیشن قائم کیا جائے، انہیں انٹرپول کے ذریعے واپس لایا جائے، فوجی عدالتوں کا قیام دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ناگزیر ہے۔
پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ حسین حقانی کے معاملے پر عدالتی یا پارلیمانی کمیشن قائم کیا جائے اور انہیں انٹر پول کے ذریعے واپس لایا جائے، پیپلزپارٹی نے ایسے شخص کو اپنے دور میں امریکا میں سفیر کیوں لگایا، فوجی عدالتوں کا قیام دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ناگزیرہے۔
انہوں نے کہا کہ حسین حقانی سے متعلق پیپلزپارٹی کی طرف سے صرف اعلان لاتعلقی کافی نہیں وہ پی پی پی کی حکومت میں امریکا جیسے اہم ملک میں پاکستان کے سفیر رہے ہیں ان کے انکشافات کے بعد بلاول بھٹو یا آصف علی زرداری کو جواب دینا چاہئے ان کے بیان سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا امیج خراب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں میموگیٹ سکینڈل سامنے آیا جس پر محمد نواز شریف سپریم کورٹ گئے ۔ اس معاملے پر عدالتی یا پارلیمانی کمےشن قائم کیا جائے اور حسین حقانی کو انٹر پول کے ذریعے وطن واپس لا کر مقدمہ چلایا جائے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو حسین حقانی سے متعلق وضاحت کرنا چاہئے کہ ایسے شخص کو امریکا میں سفیر کیوں لگایا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت کے لئے اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے فوجی عدالتوں کا قیام ناگزیر ہے ان عدالتوں کے قیام کا مقصد دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی مخالفت کرنے والے ملک سے دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کا خاتمہ نہیں چاہتے