پشاور:ججزکی وین پرحملے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل کا انجن نمبرمل گیا۔خود کش حملہ آورکا چہرہ بھی قابل شناخت ہے۔ سہولت کاروں کی موجودگی کابھی انکشاف ہوگیا۔
گزشتہ روزپشاورکے علاقے حیات آباد میں ججزکی وین پرحملہ کرنے والے خود کش دہشتگرد کی موٹر سائیکل کا انجن نمبر مل گیا ہے۔
پولیس موٹرسائیکل مالک کی تلاش کے لیے ایکسائزاورموٹرسائیکل ڈیلرزسے رابطے کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے خود کش بمبارکے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں، خود کش حملہ آور کا چہرہ قابل شناخت ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں سہولت کاروں کی موجودگی کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق حملہ آورتنہا نہیں تھابلکہ ریکی کے بعد حملہ آورکوگاڑی کے راستے میں چھوڑا گیا۔ حملہ آور رنگ روڈ یا ملحقہ قبائلی علاقے سے حیات آباد میں داخل ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے حساس علاقے حیات آباد میں ججز کی گاڑی کو خود کش حملے سے نشانہ بنایا گیاتھا۔ گاڑی میں سول جج آصف جدون اور دیگر تین خواتین ججز رابعہ، تحریم اور آصفہ موجود تھیں۔حملے میں گاڑی کے ڈرائیور سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ججز سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔