لاہور پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ثبوت حامد خان کو نہیں شریف خاندان کو پیش کرنے ہیں ،قطری شہزادے سے 10سوال کریں گے تو اس کی ٹانگیں کانپنے لگیں گی ،سپریم کورٹ میں جو پیمانہ یوسف رضا گیلانی پر لاگو ہوا وہ ہی پیمانہ نواز شریف پر بھی لاگو ہوتا ہے ۔
لاہور میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہاکہ شریف خاندان کو ثبوت دینا ہے کہ جائز ذرائع سے جائیداد بنائی ہے لیکن اس کے بجائے نئی باتیں بتائی جا رہی ہیں ،قطری شہزادے کے عدالت آنے تک یہ خط ردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں داستان سنائی ،کیا اس میں قطری شہزادے کا نام آیا ؟،وقت گزرنے کے ساتھ یہ نئی باتیں سامنے آئیں ۔انہوں نے استفسار کیا کہ یہ قطری شہزادہ کہاں سے آگیا ،اس سے 10سوال کریں تو ٹانگیں کانپنے لگیں گی ۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا لیکن پاناما لیکس پر مشورہ مانگا تو دوں گا ۔اعتزاز احسن نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشریف عدالت کے سامنے پیش ہوئے ،نواز شریف کو بھی پیش ہونا چاہیے،ان کے پاس کوئی راہ فرار نہیں۔