صوابی : صوبہ خیبرپختونخواہ کےڈسٹرکٹ صوابی میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں فائرنگ کےتبادلے میں کیپٹن اور ایک فوجی اہلکار شہید جبکہ جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخواہ کے علاقے صوابی میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں پاک فوج کے کیپٹن جنید اور سپاہی امجدنےجام شہادت نوش کیاجبکہ فورسز سےفائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کےمطابق صوابی میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے کیاجانے والا آپریشن انٹیلی جنس کی بنیاد پرکیاگیا۔
پاک فوج کےسربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہناہےکہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوں نےکہاکہ دہشت گردوں کو ختم کرکےدم لیاجائےگا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ نےکہاکہ دہشت گردوں کو ان کےبرپا کردہ فساد کا حساب دیناہوگا۔
خیال رہےکہ اس سےقبل اتوار اور پیر کی درمیانی شب پاکستان میں وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گردوں کے3پاکستانی چیک پوسٹوں پرحملےمیں 5اہلکار شہید جبکہ 10دہشت گرد مارے گئےتھے۔
یاد رہےکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نےگزشتہ روزمہمند ایجنسی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پاک فوج کے جوانوں اور شہیدوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیاتھا۔
واضح رہےکہ وزیراعظم پاکستان کا کہناتھاکہ اگردہشت گرد سمجھتے ہیں کہ وہ ہماری قوم کےعزم کو کمزورکرسکتے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہوگی۔