
جشن عید میلاد النبیﷺ کی خصوصی تقریب
تزک و احتشام سے کمیونٹی سینٹر دی ہیگ میں منعقد ہو ئی
مذکورہ تقریب میں خواتین و حضرات کی خاصی تعداد میں شرکت
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز۔۔۔رپورٹ۔۔۔جاوید عظیمی۔۔۔عکاسی۔۔۔جاوید بٹ پیارے) گزشتہ روز جمعتہ المبارک8نومبر2019کمیونٹی سینٹر دی ہیگ میں بسلسلہ جشن عید میلاد النبیﷺ کی خصوصی تقریب نہایت ہی محبت و عقیدت سے منعقد کی گئی ۔مقامی نعت خواں حضرات شہزاد علی خان، مجتبےٰ خادم حسین بٹ اور حافظ سراج نے بارگاہ رسالت مآبﷺ میں محبتوں کے پھول نچھاور کرنے کی سعادت حاصل کی۔کمیونٹی سینٹر دی ہیگ میں جاری بارہ روزہ تقریبات کے سلسلے میں اس خصوصی بابرکت جشن عید میلاد النبیﷺ کی تقریب میں خواتین و حضرات کی خاصی تعداد نے شرکت کرکے رسول محتشم ﷺ سے اپنی قلبی وابستگی اور عقیدت کا اظہار کیا۔مذکورہ خصوصی محفل کی نقابت کے فرائض حاجی محمد شفیق چیمہ نے خوبصورتی سے انجام دیئے جبکہ مولانا مہر علی نے موضوع کی مناسبت سے گفتگو کی۔اجتماعی دعا میں عالم اسلام اور بالخصوص پاکستان کی بقاء و سلامتی اور خوشحالی کے ساتھ مظلوم کشمیر بہن بھائیوں کی تحریک آزادی میں کامیابی کے لئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں التجائیں اور مناجات پیش کیں۔بابرکت پروگرام کے اختتام پر راجہ جاوید اقبال ،چوہدری قمر حسین اور چوہدری فیصل منظور کی جانب سے مشترکہ طور پر حاضرین محفل کی تواضع لنگر محمدی سے کی گئی۔














