ڈیلی روشنی انٹرنیشنل ویانا آسٹریا)ڈیلی روشنی انٹرنیشنل کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے بیان دیتے ہوے مسلم ہینڈز سماجی و رفاہی تنظیم آسٹریا کے صدرعاطف رضا کا کہنا تھا
کہ آسٹریا میں مقیم پاکستانیوں کے درمیان ہمیشہ اخوت اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے کی کوشش کی جائے اور ہمیں چاہیے کے کمیونٹی کو یکجا کرنے کے لئے عملی کوششوں کے ساتھ ساتھ بہترین منصوبہ بندی کریں،مزید ان کا کہنا تھا اخوت اور بھائی چارہ ایک عام معاشرے کا جزو لازم ہے اور مسلم معاشرے میں تو اسکی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ باہمی محبت ، مدد کا جذبہ، ہمدردی اور تعاون کرنے کا داعیہ ہی مسلم معاشرے میں خدا پرستی کے ساتھ ساتھ تعلق با لعبادکی بنیادیں مضبوط کرتا ہے۔بھائی چارے پر مشتمل معاشرے کی بنیاد باہمی محبت ہے ۔
قرآن میں آتا ہے کہ:”اور اللہ کی مہربانی کو یاد کرو جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے تو اس نے تمہارے دلوں میں الفت ڈال دی اور تم اسکی مہربانی سے بھائی بھائی ہوگئے۔” (آل عمران۳: ۱۰۳
اسی طرح ایک حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ ” قسم ہے اس جان کی جس کے قبضے میں میری جان ہے کوئی شخص اس وقت تک کامل مومن نہیں ہوتا جب تک کہ وہ اپنے بھائی کے لئے وہی پسند کرے جو اپنے لئے پسند کرتا ہے‘‘(متفق علیہ)
محبت کرنے کا بنیادی مطلب یہ ہے کہ ایک دوسرے کے بارے میں عمومی پسندیدگی،قبولیت اور تعاون کا رویہ رکھا جائے.
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مسلمان کو گالی دینا گناہ اور اس کو قتل کرنا کفر ہے(متفق علیہ) ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ سچ بولنے والوں کو بہت زیادہ لعنت کرنے والا نہیں بننا چاہئے۔(مسلم)
انہوں نے کہا ذرا سوچیے!بھائی چارہ پیدا کرنے کی ذمہ داری کس کی ہے؟عاطف رضا نے پاکستانی کمیونٹی کے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قائدین اور مختلف سماجی تنظیموں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کے قائدین سے مطالبہ کیا ہے کہ آیئں ہم مل کر سب پاکستانیوں کی مدد کریں اور آسٹریا میں اپنے ملک پاکستان کا نام روشن کریں.