کوئٹہ: بلوچستان میگا کرپشن کیس میں سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی، سابق مشیرخزانہ خالد لانگو اور سہیل مجید سمیت پانچ افراد پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ ملزمان نے صحت جرم سےانکارکردیا۔
بلوچستان میگا کرپشن کیس کی سماعت کوئٹہ کی احتساب عدالت میں جج عبدالمجید ناصر نے کی ۔ سماعت میں سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی ، ٹھیکیدار سہیل مجید ، سابق سیکرٹریز لوکل گورنمنٹ حافظ عبدالباسط اور فیصل جمال پیش ہوئے جبکہ سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کو ایمبولینس میں لایا گیا۔
دوران سماعت عدالت نے پانچوں ملزمان پرلوکل گورنمنٹ کے فنڈ ز میں دو ارب پچیس کروڑ روپے کی خورد برد کی فردجرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
ٹھیکیدار سہیل مجید کے وکیل نے فردجرم عائد نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پلی بارگین کے تحت 46ملین روپے جمع کروائے جا چکے ہیں تاہم جج نے یہ کہ کر درخواست مسترد کر دی کہ عدالت کو پلی بارگین کی درخواست ابھی تک موصول نہیں ہوئی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پرگواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 22مارچ تک ملتوی کر دی۔