میرپور: بنگلہ دیش نے اپنی ہی سرزمین پر تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 20 رنز سے شکست دے دی۔
میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں جیت کے لیے بنگلہ دیش نے مہمان ٹیم کو 265 رنز کا ہدف دیا ۔
ہدف کے تعاقب میں کھیل کے چوتھے روز کا آغاز آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز کی مضبوط پوزیشن سے کیا اور ڈیوڈ وارنر نے اپنے کیرئیر کی 19 ویں سنچری بناتے ہوئے اسٹیو اسمتھ کے ساتھ 130 رنز کی شراکت قائم کی ۔
لیکن بولرز کے لیے مددگار وکٹ پر بنگلہ دیش کی ٹیم دونوں بلے بازوں کی پارٹنر شپ ٹوٹتے ہی میچ میں واپس آگئی ۔
آسٹریلیا کے لوئر آرڈر نے بھی میچ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے ۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 244 رن بنا کر آوٹ ہو گئی اور بنگلہ دیش نے میچ 20 رنز سے جیت لیا۔
شکیب الحسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ تیج الاسلام نے تین اور حسن مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
بنگلادیش نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں آسٹریلیا کو پہلی مرتبہ شکست دی۔
