
نیدرلینڈ،وزیراعظم Mark Rutteکی پریس کانفرنس
لاک ڈاؤن میں تین ہفتوں کی توسیع کر دی
اضافی اقدام ،کرفیو کے نفاذ پر مشاورت جاری ہے۔۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی انٹرنیشنل نیوز ڈیسک) گزشتہ روز بروز منگل 12جنوری 2021کو نیدرلینڈ کے وزیر اعظم Mark Rutteنے ایک اہم پریس کانفرنس میں ملک بھر میں جاری پانچ ہفتوں کے مکمل لاک ڈاؤن کی مدت میں تین ہفتوں کی مزید توسیع کا باضابطہ اعلان کر دیا۔مذکورہ اعلان کے مطابق اس کا اطلاق 9فروری 2021تک ہو گا کیونکہ ملک میں جاری لاک ڈاؤن کی مدت 19جنوری کو ختم ہونے جارہی تھی اور پھر کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں ابھی تک کوئی واضح کمی نہیں آئی ہے اس لئے شہریوں کے تحفظ کے لئے مدت میں توسیع ضروری تھی ایک موقعہ پر وزیراعظم نے کہا مذکورہ لاک ڈاؤن کے دورانیے میں ہم اضافی اقدام کے طور پر رات کے اوقات میں کرفیو کا نفاذ بھی کرنا چاہتے ہیں اس سلسلے میں مشاورتی عمل جاری ہے آنے والے دنوں میں فیصلہ کر دیا جائے گا ۔وزیراعظم نے مزید کہا شہری اجتماعات سے گریز کریں دو سے زائد افراد باہر روڈ پر نہ چلیں جبکہ ڈیڑھ کے فاصلے کو ملحوظ خاطر رکھیں گھروں میں دو مہمان مدعو کر سکتے ہیں البتہ حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا ضروری ہو گا ۔وزیراعظم Mark Rutteنے اس مشکل وقت میں خسارے میں جانے والے اداروں اور تاجروں کو مزید مالی سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی اور اس کا لائحہ عمل بھی دیا ۔مذکورہ پریس کانفرنس میں وفاقی صحت Hugo de jongeنے ملک میں جاری کرونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ اس سے ہونے والے متاثرین اور اموات پر تفصیلی گفتگو کی اور بتایا کہ ہالینڈ میں کرونا کے خاتمے کے لئے ویکسین دینے کا آغاز ہو گیا ہے جو ہم موسم خراں تک مکمل کر لیں گے۔بعد ازاں وزیراعظم اور وزیر صحت نے پریس کانفرنس میں موجود صحافیوں اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے تفصیلی اور تسلی بخش جوابات بھی دیئے ۔یاد رہے مذکورہ پریس کانفرنس سوالات کے باعث طویل ہوتے ہوئے تقریباً70منٹس تک طوالت اختیار کرگئی۔