میران شاہ : وزیراعظم نواز شریف نے شمالی وزیرستان میں کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا، منصوبے سے علاقے میں سیلاب کو روکا جاسکے گا جبکہ 83 میگا واٹ بجلی بھی حاصل ہوگی، پہلا مرحلہ مکمل ہونے میں 3 سال لگیں گے۔
وزیراعظم نواز شریف اہم ترین منصوبے کا افتتاح کرنے کیلئے شمالی وزیرستان پہنچے جہاں عسکری حکام اور قبائلی عمائدین نے ان کا استقبال کیا، ان کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، سلیم سیف اللہ اور دیگر بھی تھے۔
وزیراعظم نواز شریف نے کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا، جس میں 1.2 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی، منصوبہ دو مرحلوں میں مکمل ہوگا، پہلا مرحلہ 3 سال میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔
کرم تنگی ڈیم سے 83 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ علاقے میں سیلابی صورتحال پر بھی قابو پایا جاسکے گا، شمالی وزیرستان میں زراعت کو بھی فروغ ملے گا۔
سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وزیراعظم نواز شریف، سیاسی رہنماؤں، عسکری قیادت اور قبائلی عمائدین سمیت دیگر افراد نے شرکت کی، اس موقع پر قومی ترانہ بھی پڑھا گیا