لاہور: تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ورلڈ الیون کو 33 رنز سے شکت دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم میں جاری تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 184 کے ہدف کے تعاقب میں ورلڈ الیون 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان کے 150 رنز بناسکی۔
ورلڈ الیون کی جانب سے اننگ کا آغاز تمیم اقبال اور ہاشم آملہ نے کیا اور دوسرے ہی اوور میں نوجوان فاسٹ بولر عثمان خان نے تمیم اقبال کو 14 رنز پر بولڈ کردیا۔
فاسٹ بولر حسن نے 41 کے مجموعی اسکور بین کٹنگ کو بولڈ کیا جب کہ اگلی ہی گیند پر ہاشم آملہ بھی 21 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔
ورلڈ الیون کی چوتھی وکٹ جارج بیلی کی گری جو 5 رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ 67 کے مجموعی رنز پر کپتان فاف ڈوپلیسی 13 رنز بناکر شاداب کی بہترین تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔
ورلڈ الیون کے تھیسارا پریرا طوفانی اننگ کھیلتے ہوئے 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر رومان رئیس کا شکار بنے۔
ڈیوڈ ملر 32 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ دے کر چلتے بنے اور مورنی مورکل بھی 139 کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔
ورلڈ الیون کے ڈیرن سیمی 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 2، عماد وسیم، عثمان خان، اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں وقفے کے دوران پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی اور مصباح الحق نے علیحدہ علیحدہ رکشوں پر گراؤنڈ کا چکر لگایا اور مداحوں کے پر جوش نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔
