فیس بک پربھارتی فوجی اہلکاروں کی بدحالی کی پول پٹی کھولنے والے اہلکارکا لائن آف کنٹرول سے پونچھ ہیڈکوآرٹرتبادلہ کردیا گیا ہے۔فوجی کے الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سرحدی نگرانی کرنے والی فورس بی ایس ایف نے کہا ہے کہ تیج بہادر شرابی اور عادی مجرم ہے۔
سرحدی نگرانی کرنے والی فورس بی ایس ایف نے کہا ہے کہ تیج بہادر شرابی اور عادی مجرم ہے، وہ کئی باربغیر اجازت ڈیوٹی سے غیر حاضر رہا ۔وہ سینئیرافسرا ن کی عزت بھی نہیں کرتا تاہم اس کے الزامات کی تحقیقات کیلیے سینیئر افسر موقع پر بھیج دیا ہے۔ تیج بہادر نے سخت دباؤ کے باوجود بھارتی فوج کا بھانڈا پھوڑنے والی وڈیو ہٹانے سے صاف انکار کر دیا ہے ۔ اس نے اگرچہ اپنے آپ کو نقصان پہنچائے جانے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے لیکن اس کا کہنا ہے کہ اگر میرا نقصان ہو کر دوسرے سپاہیوں کا بھلا ہو سکتا ہے تو مجھے منظورہے۔
اس کا موقف ہے کہ جوکہا سچ کہا،تحقیقات کرلی جائیجو سچ ہے وہ سب کے سامنے آجائے گا۔یہ وڈیو منظر عام پر آنے کے بعد بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی طرف سے ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ وڈیو انھوں نے دیکھی ہے اور بارڈرسکیورٹی فورس ( بی ایس ایف) سے جوانوں کو غیرمعیاری کھانا دینے پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔