بسم اللہ الرحمن الرحیم
اسلام و علیکم
ابتدایہ
سب تعریفیں اس ذات باری تعالیٰ کو زیب دیتی ہیں جو کائنات کے زرے زرے اور چپے چپے کا خالق و مالک ہے ۔آج میں اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی توفیق سے روزنامہ روشنی انٹرنیشنل کا ابتدایہ تحریر کررہا ہوں،ابتدایہ سے قبل میںآپ کو اپنے بارے میں آگاہی دینا مناسب سمجھتا ہوں میں ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں 27سالوں سے قیام پزیر ہوں اور ہالینڈ کی پاکستانی کمیونٹی میں مختلف نوعیت کی تقریبات روحانی ،سماجی،دینی ،بچوں کے درمیان تقریری اور نعتیہ مقابلوں کے علاوہ وطن عزیز پاکستان میں زلزلہ یا سیلاب کی صورت میں ہونے والی تباہیوں کے بعد اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مصائب و آلام میں مبتلا اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کی بے لوث مدد کے لئے امداد ی عطیات کے لئے چیرٹی پروگرامز بھی منعقد کئے اور جمع شدہ عطیات کی رقوم بروقت پاکستان منتقل کروائیں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کی ان ہمدردانہ اور رفاعی کاوشوں کو اپنے محبوب مکرم نبی اکرم ۖ کے صدقے سے اپنی بارگاہ عالیہ میں شرف قبولیت عطا فرمائیں۔آمین ثمہ آمین
معزز خواتین و حضرات اس وقت ہم عصر حاضر کے انتہائی برق رفتاردور میں اپنی زندگی بسر کررہے ہیںجس میں اطلاعات و نشریات سے اپنے آپکو ہم آہنگ کرنا اشد ضروری ہے تاکہ ہم جان سکیں کے دنیا بھر اور بلخصوص وطن عزیز میں کیا حالات ہیں۔ اس سلسلے میں ساری دنیا میں آن لائن اخبارات کا ایک بہت بڑا نیٹ ورک قارئین کو با خبر رکھنے کے لئے ہمہ گیر بنیادوں پر خبروں کی ترسیل کے کام میں مصروف عمل ہے صحافت کے شعبے سے وابستہ خواتین و حضرات ہمہ وقت اس میں اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔
روزنامہ روشنی انٹرنیشنل بھی صحافت کے مروجہ اصولوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے بلا امتیاز صحافت کے طریق پر دنیا بھر میں پاکستانی کمیونٹی اور ہالینڈ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی تقریبات اور ان کے مسائل کو اجا گر کرنے کے لئے اپنا فریضہ سر انجام دینے کا خواہاں ہے۔ متذکرہ آن لائن اخبار دیگر اخبارات سے اس لئے منفرد ہے کہ وہ قارئین جو اردو پڑھنا نہیں جانتے ان کا خیال رکھتے ہوئے اس کا انگلش زبان میں بھی اہتمام کیا گیا ہے۔قارئین سے التماس ہے کہ روزنامہ روشنی انٹرنیشنل کا مطالعہ کرنے کے بعداس اخبار کو مزید خوب سے خوب تر بنانے کے لئے اپنی قیمتی تجاویز سے آگاہ کریں، اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔
محمد جاوید عظیمی
چیف ایڈیٹر روزنامہ روشنی انٹر نیشنل