Take a fresh look at your lifestyle.

آرٹیمس 1 مشن کی حیران کن داستان۔۔۔ تحریر۔۔۔عرفان حیدر

10

آرٹیمس 1 مشن کی حیران کن داستان
عرفان حیدر

2022ءمیں ناسا چاند پر ایک مرتبہ پھر مشن بھیج رہا ہے!!!
ہم سب جانتے ہیں کہ 1971 ءکے بعد اب تک کوئی انسان چاند پر نہیں جا سکا۔ اس کی کئی وجوہات ہیں جن میں سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ انسانی مشن بہت زیادہ مہنگا ہوتا ہے۔ بہر حال چاند کو ایک مرتبہ پھر مسخر کرنے کی دوڑ کئی ممالک میں گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے۔ اس ضمن میں امریکی سپیس ایجنسی ناسا نے ایک اہم اعلان کردیا ہے۔بنیادی طور آرٹیمس مشن کی تجویز 2012 میں پیش کی گئی تھی جبکہ اسے 2017 میں چاند پر بھیجا جانا تھا۔ تکنیکی مسائل کی وجہ سے اس مشن کو اس وقت لانچ نہیں کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اس مشن کی روانگی کے لیے 29 اگست 2022 کا دن طے کیا گیا۔ افسوس کے ساتھ اس تاریخ کو بھی اس مشن کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اس کے انجن میں کچھ مسائل تھے جن کی وجہ سے اس کی لانچنگ ناممکن تھی۔ اس کے علاوہ اس روز موسم بھی کچھ خراب تھا۔ اب اس کے بعد ناسا کی جانب سے مشن لانچنگ کی نئی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا، اور وہ تاریخ 3 ستمبر 2022 ہے۔
آرٹیمس 1، آرٹیمس پروگرام کا پہلا مشن ہے۔ آسان الفاظ میں یہ ایک ٹیسٹ مشن ہے جس کے نتائج اس پروگرام کے آئندہ مشنز پر پوری طرح اثر انداز ہوں گے۔ یہ مشن زمین سے 384000 کلو میٹر دور چمکنے والے چاند کے گرد اس کے مدار میں گردش کرتے ہوئے مفید معلومات اکٹھی کرے گا۔
اس مشن میں کوئی ایک انسان بھی خلا میں نہیں جائے گا۔ بلکہ سائنسدان یہاں مصنوعی ذہانت کا استعمال کریں گے۔ اس مشن کو ناسا کے کنٹرول روم سے براہ راست دیکھا جائے گا۔ ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مشن میں کمانڈر سیٹ پر ایک ڈمی بیٹھائی جائے گی۔ وہ ڈمی جسامت میں انسان جیسی ہوگی۔ ڈمی کا نام ”مونی کن کیمپس“ ہوگا۔اس کے علاوہ ڈمی کے ساتھ دو پتلے بھی ہوں گے۔ ان سب کو اس طرح تیار کیا گیا ہے جس کی بدولت سائنسدان یہ جان سکیں گے کہ وہاں موجود ریڈی ایشنز ان کی جلد کے ٹیشوز پر کیا اثر چھوڑتی ہیں۔
یہ مشن چاند کے مدار میں تقریباً ایک ماہ گردش کرتا رہے گا اور اس کے بعد واپس زمین کی طرف بڑھے گا۔ اگر یہ مشن کامیاب ہوجاتا ہے تو آرٹیمس پروگرام کے اگلے مشنز 2 اور 3، 2024 اور 2025 میں روانہ کیے جائیں گے۔آرٹیمس 2 ایک انسانی فلائی بائی مشن ہوگا جو کہ صرف چاند کے مدار میں گردش کرے گا۔ آرٹیمس 3 وہ مشن ہوگا جو ایک مرتبہ پھر انسانوں کو چاند پر لے جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.